کراچی میں ریڈ اور یلو لائن بی آر ٹی منصوبوں سے شہری ٹرانسپورٹ میں بہتری متوقع، شرجیل میمن

کراچی میں ریڈ اور یلو لائن بی آر ٹی منصوبوں سے شہری ٹرانسپورٹ میں بہتری متوقع، شرجیل میمن

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کے ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

 اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو، پی ڈی یلو لائن بی آر ٹی ضمیر عباسی اور ایس ایم ٹی اے کے دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام نے نئی ای وی بسز اور ای وی ٹیکسی کے آغاز کے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ سی ای او ٹرانس کراچی نے ریڈ لائن پر جاری کام، خاص طور پر نیپا چورنگی کے پاس دونوں اطراف کے کام کی تکمیل کے مراحل سے آگاہ کیا۔ یلو لائن بی آر ٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ سینیٹر تاج حیدر پل کے دوسرے حصے کو منہدم کرنے اور اس پر کام شروع کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔شرجیل انعام میمن نے اجلاس میں ہدایت کی کہ منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور فیلڈ لیول پر مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ریڈ اور یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کراچی کے اہم مقامات اور کاروباری مراکز کو جوڑنے میں اہم کردار ادا کریں گے اور جدید شہری ٹرانسپورٹ کے بغیر شہر کی ترقی ممکن نہیں۔مزید برآں، وزیر نے کہا کہ پنک اسکوٹیز کا دوسرا مرحلہ جلد شروع کیا جائے گا اور کراچی کے ساتھ دیگر شہروں میں بھی اسکویٹیز کی تقسیم کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے، تاکہ شہری ٹرانسپورٹ کے جدید ذرائع عام لوگوں تک پہنچ سکیں۔یہ منصوبے نہ صرف کراچی میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنائیں گے بلکہ شہر کے شہریوں کو ماحول دوست اور مؤثر نقل و حمل کے جدید ذرائع فراہم کریں گے۔