کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد شہر کی مختلف سڑکوں اور اہم شاہراہوں پر تاحال پانی جمع ہے۔
شارع فیصل کے مختلف مقامات جیسے ایف ٹی سی، بلوچ کالونی اور ملیر ہالٹ پر بارش کا پانی جمع رہنے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔اسی طرح شارع فیصل پر ڈرگ روڈ انڈر پاس، عیسیٰ نگری اور ٹاور کے مقام پر بھی پانی جمع ہے۔ تاہم ضلع ویسٹ کی اہم شاہراہیں جیسے آئی سی آئی، لیاری اور شیر شاہ مکمل طور پر صاف کر دی گئی ہیں، جبکہ لیاقت آباد انڈر پاس بھی پانی سے پاک کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں دو تلوار، کلفٹن انڈر پاس، ڈاکٹر ضیاءالدین احمد روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ اور شاہراہ لیاقت سے پانی کا مکمل نکاس کر دیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کراچی کے مختلف علاقوں میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں۔ سب سے زیادہ گلشن حدید میں 178 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دیگر مقامات پر یونیورسٹی روڈ پر 145 ملی میٹر، شارع فیصل پر 133، گلشن معمار میں 102، ناظم آباد میں 149 اور پرانا ایئرپورٹ پر 163 ملی میٹر بارش ہوئی۔
اسی طرح نارتھ کراچی میں 148، کورنگی میں 138، اورنگی ٹاؤن میں 81، سعدی ٹاؤن میں 146، ڈی ایچ اے فیز 7 میں 138 اور کیماڑی میں 173 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔شہر کی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے بارش کے پانی کے نکاس اور سڑکوں کو صاف رکھنے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں، تاہم شہریوں کو ٹریفک کے دوران احتیاط برتنے اور پانی جمع مقامات سے گزرنے میں محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔