پاکستان کرکٹ بورڈ کا اسکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام، نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ملک گیر مواقع

پاکستان کرکٹ بورڈ کا اسکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام، نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ملک گیر مواقع

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک بھر کے نوجوان کرکٹرز کو سامنے لانے کے لیے اسکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اعلان کیا ہے۔

 اس پروگرام کا مقصد نہ صرف نئے کرکٹ ٹیلنٹ کی دریافت کرنا ہے بلکہ طلبہ کو تعلیم کے ساتھ کھیلوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کرنا بھی ہے۔پی سی بی کے مطابق، پروگرام میں ملک بھر سے 400 سے زائد سکول حصہ لیں گے۔ پہلے مرحلے میں تمام سکولز میں ٹرائلز کے ذریعے ٹیمیں منتخب کی جائیں گی، اور 60 سے زائد پی سی بی کوچز تمام منتخب شدہ سکولز میں ٹرائلز کا انعقاد کریں گے۔پروگرام کے تحت ستمبر کے تیسرے ہفتے میں 400 سے زائد سکولز کا 40 اوورز پر مشتمل ٹورنامنٹ شروع ہوگا۔ اس ون ڈے ٹورنامنٹ کی بہترین 100 ٹیمیں ویکنڈ اسکولز لیگ میں حصہ لیں گی، جو دو روزہ میچز پر مشتمل ہوگی۔پی سی بی کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کے لیے عالمی معیار کے مواقع پیدا کرنا بھی ہے۔ ون ڈے ٹورنامنٹ کی چیمپئن سکول ٹیم بیرون ملک کرکٹ دورے پر جائے گی جبکہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی پی سی بی کے انڈر 15 اور انڈر 17 ٹورنامنٹس میں شرکت کے لیے منتخب ہوں گے۔

ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی نے بتایا کہ اسکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی تمام فنڈنگ پی سی بی کی جانب سے فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی ملک بھر میں 168 سکول گراؤنڈ آباد کرے گا تاکہ طلبہ کو بہتر کھیل کے مواقع فراہم کیے جا سکیں اور کرکٹ کی ترقی میں مدد ملے۔یہ پروگرام پاکستان میں کرکٹ کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کی دریافت کے لیے ایک اہم قدم ہے، جس سے نئے کھلاڑی نہ صرف ملک میں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی مہارت دکھا سکیں گے۔