لندن(نیٹ نیوز)کیمبرج ڈکشنری نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والے اور ’جین زی‘ کے زیر استعمال کئی نئے الفاظ سمیت 6 ہزار سے زائد الفاظ کو انگریزی لغت میں شامل کیا جائے گا۔ کیمبرج نے جن نئے الفاظ کو لغت میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے ان میں ’اسکبیڈی‘ (Skibidi)، ’ٹریڈ وائف‘ (Tradwife) اور ڈی لولو (Delulu) جیسے الفاظ نمایاں ہیں۔’اسکبیڈی‘ ایک بے معنی اصطلاح ہے جو مذاق میں یا کسی بات پر زور دینے کے لیے استعمال ہوتی ہے، جبکہ ’ٹریڈ وائف‘ کا مطلب ہے ’ٹریڈیشنل وائف‘، یعنی ایسی شادی شدہ خاتون جو گھریلو امور انجام دیتی ہے اور سوشل میڈیا استعمال کرتی ہے۔کیمبرج ڈکشنری کے کولن میک انٹوش نے کہا کہ انٹرنیٹ کلچر انگریزی زبان کو بدل رہا ہے اور اس تبدیلی کا مشاہدہ اور لغت میں اندراج نہایت دلچسپ عمل ہے۔نئے الفاظ کے ساتھ ساتھ کچھ مخففات (abbreviations) بھی شامل کیے گئے ہیں، جیسے ’ڈی لولو‘ (Delulu)، جو Delusional کا مخفف ہے اور اس کا مطلب ہے ایسی چیزوں پر یقین رکھنا جو حقیقت نہ ہوں۔کورونا وبا کے بعد ریموٹ ورکنگ میں اضافے کے باعث ’ماؤس جگلر‘ (mouse jiggler) جیسے الفاظ بھی لغت کا حصہ بن گئے ہیں۔ ’ماؤس جگلر‘ ایک ایسا آلہ یا سافٹ ویئر ہے جو یہ تاثر دیتا ہے کہ آپ کام کر رہے ہیں، حالانکہ حقیقت میں ایسا نہیں ہوتا۔کولن میک انٹوش کا کہنا تھا کہ کیمبرج ڈکشنری صرف وہی الفاظ شامل کرتی ہے جن کے بارے میں یقین ہو کہ وہ وقت کی کسوٹی پر پورے اتریں گے۔