ڈکشنری ڈاٹ کام نے ’میکسنگ‘ کو 2026 کا لفظ قرار دیدیا

لاہور(نیٹ نیوز)میکسنگ ایسا لفظ ہے جو آج کے نوجوان بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں۔اس لفظ کو نوجوان مختلف الفاظ کے ساتھ جوڑ کر استعمال کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ڈکشنری ڈاٹ کام نے میکسنگ کو 2026 کا لفظ قرار دیا ہے۔ڈکشنری ڈاٹ کام کے مطابق میکسنگ کا مطلب کسی چیز کو اس کی آخری حد تک لے جانا یا اسے بہترین بنانا ہے۔اس لفظ کی جڑیں میکس، میکسیمم اور میکیسمائز جیسے الفاظ سے ملتی ہیں۔مگر موجودہ عہد کے نوجوان میکسنگ کو نئی بلندی پر لے گئے ہیں اور اس لفظ میں ایک x اضافی ہے یعنی maxing کو maxxing کر دیا گیا۔اس لفظ میں اضافی ایکس کی شمولیت کے بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا مشکل ہے مگر اس بارے میں ایک ممکنہ وضاحت پیش کی جاتی ہے، اور وہ وضاحت یہ ہے کہ گیمنگ کی اصطلاح min maxing کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ میکسنگ اسی سے نکلا ہے جس کا مطلب بھی اپنے کردار کی خوبیوں کو آخری حد تک بڑھانا ہے، تو آپ یہ کہہ سکتے ہیں کہ پرانی گیمنگ اصطلاح ارتقا کے بعد میکسنگ کی شکل اختیار کرگئی۔جب یہ اصطلاح گیمنگ سے نکل کر آن لائن فورمز اور پھر سوشل میڈیا تک پہنچی تو اس کی املا میں اضافی x بھی شامل ہوگیا، اور یوں یہ انٹرنیٹ کی ایک نمایاں اصطلاح بن گئی۔ڈکشنری ڈاٹ کام کے مطابق 2026 میں میکسنگ کو متعدد الفاظ کے ساتھ جوڑ کر استعمال کیا گیا مگر looksmaxxing اور ٹوکن میکسنگ نمایاں الفاظ رہے۔looksmaxxing کا مطلب اپنی ظاہری شکل، لباس اور فٹنس کو ہر ممکن حد تک بہتر بنانا ہے۔جہاں تک ٹوکن میکسنگ کی بات ہے تو موجودہ عہد میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کا استعمال بڑھ رہا ہے اور اس ٹیکنالوجی میں اکثر ٹوکن کا حوالہ اے آئی لینگوئج ماڈلز کی جانب سے تحریری ٹیکسٹ میں دیا جاتا ہے۔تو ٹوکن میکسنگ سے مراد کام کی جگہ پر اے آئی ٹولز کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا ہے۔ویسے میکسنگ کو تنہا بھی استعمال کیا جاسکتا ہے جیسے کیا تم اس کام میں میکسنگ کر رہے ہو وغیرہ۔ڈکشنری ڈاٹ کام نے بتایا کہ میکسنگ کی مقبولیت سے عندیہ ملتا ہے کہ لوگ بہترین کارکردگی کو زیادہ اہمیت دے رہے ہیں۔ورڈ آف دی ائیر کے انتخاب کے لیے ڈکشنری ڈاٹ کام کی جانب سے سوشل میڈیا رجحانات، خبروں، سرچ ڈیٹا اور دیگر ڈیٹا کا تجزیہ کیا جاتا ہے جبکہ لفظ کی ثقافتی اہمیت بھی دیکھی جاتی ہے۔یہ ویب سائٹ 2010 سے ورڈ آف دی ائیر کا انتخاب کر رہی ہے اور سب سے پہلا لفظ چینج 2010 کا لفظ قرار دیا گیا تھا۔میکسنگ کے بعد افورڈ ایبلٹی، ڈیٹا سینٹر، اوڈیسی اور Unc مختصر فہرست کے دیگر الفاظ تھے مگر سال کے لفظ کا اعزاز میکسنگ کے نام رہا، یعنی خوب سے خوب تر کی تلاش میں یہ لفظ واقعی بازی لے گیا۔