حکومت بناتے وقت ہم نے نیک نیتی سے مسلم لیگ کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا
لاہور(خصوصی رپورٹ)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زبان، الفاظ اور لہجہ بالکل مناسب نہیں، ان کے مکالمے کے جواب میں سندھ سے بھی ایسا جواب ا?یا تو کیا ہوگا؟لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھاکہ پاکستان طویل عرصے سے بہت سے بحرانوں کا شکار رہا، ہر دور میں ان بحرانوں سے نمٹنے کی کوشش کی گئی، اس وقت بھی ہم ایک مخصوص صورتحال کا شکار ہیں، حکومت بناتے وقت ہم نے نیک نیتی سے مسلم لیگ کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا، یہ پہلی دفعہ ہوا کہ ہم نے بغیر وزارت لیے حکومت کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ کچھ چیزوں پر عمل ہوا، کچھ پر نہیں ہوا، ہم اپنا اعتراض کرتے رہے اور کرتے رہیں گے، ہم صورتحال کو نہ پہلے خراب کرنا چاہتے تھے نہ اب کرنا چاہتے ہیں، ہم نے حکومت کو ہر معاملے پر سپورٹ کیا، ہم کوئی احسان نہیں گنواتے، ہم طے کر کے چلے تھے کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنا ہے۔