دریائے راوی کے مختلف مقامات پر پانی کے بہاؤ میں بتدریج کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ شاہدرہ میں بہاؤ 23 ہزار کیوسک، جسڑ پر 26 ہزار کیوسک جبکہ بلوکی پر 31 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز پانی کا بہاؤ جسڑ پر 54 ہزار اور شاہدرہ میں 36 ہزار کیوسک تھا۔پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے راوی کے اہم مقامات پر بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم آئندہ 24 گھنٹوں میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ موجود ہے۔ شدید بارشوں کی صورت میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ممکن ہے۔ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے اقدامات کر لیے ہیں۔ دریا کے پاٹ میں آباد خانہ بدوش نکال دیے گئے، گاؤ شالہ اور مالی پورہ کے اطراف کے علاقے خالی کروا دیے گئے، جبکہ سگیاں پل کے قریب موجود باڑوں سے مویشی بھی منتقل کر دیے گئے ہیں۔ ریسکیو 1122 کا ایمرجنسی کیمپ بھی قائم کیا گیا ہے جس میں لائف جیکٹس اور کشتیوں کا انتظام موجود ہے، اور عملہ الرٹ ہے۔سول ڈیفنس نے بھی مکمل انتظامات کر لیے ہیں اور اس کے کیمپ میں 4 ہزار لائف جیکٹس موجود ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے میڈیکل کیمپ بھی قائم کر دیا گیا ہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔