دریائے راوی میں نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ، آئندہ 24 گھنٹے فیصلہ کن قرار

دریائے راوی میں نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ، آئندہ 24 گھنٹے فیصلہ کن قرار

پنجاب کے مختلف دریاؤں میں بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر اس وقت نچلے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 53 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 36 ہزار کیوسک ہے اور صورتحال فی الحال نارمل بتائی جا رہی ہے، تاہم محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

انتظامی اقدامات
سیلاب کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور محکمہ صحت مکمل طور پر الرٹ ہیں۔ تحصیل راوی کی اسسٹنٹ کمشنر سیدہ سنبل جاوید نے گزشتہ رات دریائے راوی کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور پیرا فورس کے ہمراہ حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔دریا کے پاٹ میں آباد خانہ بدوش خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ گاؤ شالہ، مالی پورہ اور سگیاں پل کے اطراف کے علاقے بھی خالی کروالیے گئے ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ساتھ ان کے مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

ریسکیو اور صحت کی سہولیات
ریسکیو 1122 کی جانب سے دریا کنارے ایمرجنسی کیمپ قائم کر دیا گیا ہے، جس میں لائف جیکٹس، کشتیاں، لائف لائنز اور 12 ارکان پر مشتمل الرٹ ٹیم موجود ہے۔
سول ڈیفنس نے بھی حفاظتی اقدامات مکمل کر لیے ہیں اور کیمپ میں 4 ہزار لائف جیکٹس فراہم کی گئی ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا ہے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

پی ڈی ایم اے کی وارننگ
پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ شدید بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کا بہاؤ مزید بڑھنے کا امکان ہے، جس سے نچلے درجے کا سیلاب درمیانے درجے میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دریاؤں اور نالوں کے کناروں سے فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔