مونٹریال: ایئر کینیڈا کے فضائی عملے نے کئی روز سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد ایئر لائن نے اپنے روزانہ تقریباً 1 لاکھ 30 ہزار مسافروں کے لیے پروازوں کی بحالی کا عندیہ دیا ہے۔
تقریباً 10 ہزار فضائی میزبانوں نے ہفتے کی نصف رات کے بعد ہڑتال شروع کی تھی۔ عملے کا مؤقف تھا کہ کمپنی ان کی تنخواہوں میں اضافے اور زمین پر کیے جانے والے غیر ادا شدہ کام، خصوصاً بورڈنگ کے وقت کے معاوضے کی ادائیگی سے انکار کر رہی ہے۔عملے کی نمائندہ تنظیم کینیڈین یونین آف پبلک ایمپلائز (CUPE) نے بتایا کہ دو مرتبہ حکومتی حکم کے باوجود عملے نے ڈیوٹی پر واپس جانے سے انکار کیا، جس کے باعث ایئر کینیڈا کو پروازیں بحال کرنے کے منصوبے مؤخر کرنا پڑے۔ تاہم پیر کی رات ہونے والے نئے مذاکرات میں فریقین ایک عارضی معاہدے پر متفق ہو گئے۔
یونین نے اپنے بیان میں کہا:"ہڑتال ختم ہو گئی ہے، ایک عارضی معاہدہ طے پا گیا ہے جسے اب اراکین کے سامنے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ عملے کو ہدایت دی گئی ہے کہ پروازوں کی بحالی میں مکمل تعاون کیا جائے۔"ایئر کینیڈا نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ فضائی آپریشنز کو بتدریج دوبارہ شروع کیا جائے گا تاکہ متاثرہ مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔