کینیڈا کی سب سے بڑی فضائی کمپنی ایئر کینیڈا نے اپنے ملازمین کی ممکنہ ہڑتال کے پیش نظر جمعرات سے پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایئر کینیڈا کے مطابق جمعرات سے مزید پروازیں بند کی جائیں گی جبکہ ہفتے کے روز ایئر کینیڈا اور اس کی ذیلی کمپنی ایئر کینیڈا روج کی تمام پروازیں مکمل طور پر معطل رہیں گی۔کمپنی کا کہنا ہے کہ اس صورت حال سے روزانہ تقریباً 1 لاکھ 30 ہزار مسافر متاثر ہو سکتے ہیں۔ ایئر کینیڈا 259 طیاروں کے بیڑے کے ساتھ دنیا کے چھ براعظموں میں تقریباً 65 ممالک کے لیے پروازیں چلاتی ہے۔یہ ہڑتال کینیڈین یونین آف پبلک ایمپلائز کی جانب سے طلب کی گئی ہے، جو تقریباً 10 ہزار فلائٹ اٹینڈنٹس کی نمائندگی کرتی ہے۔
یونین کے مطابق عملے کے ارکان تنخواہوں میں اضافہ، بہتر پنشن و مراعات، اور عملے کے آرام کے اوقات سے متعلق مطالبات کر رہے تھے، مگر مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔یونین نے بتایا کہ اس کے 99.7 فیصد اراکین ہڑتال کے حق میں ہیں، اور اگر سمجھوتہ نہ ہوا تو ہفتے سے فضائی آپریشن مکمل طور پر تعطل کا شکار ہو جائے گا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ کینیڈا کی فضائی تاریخ کی سب سے بڑی صنعتی کارروائیوں میں سے ایک ثابت ہو سکتی ہے، جو ملکی اور بین الاقوامی سفر کو شدید متاثر کرے گی۔