جرمن ایئر لائن کا اسرائیل کے لیے رات کی پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ

جرمن ایئر لائن کا اسرائیل کے لیے رات کی پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ

جرمن ایئر لائن نے اسرائیل کے لیے رات کے وقت پروازیں بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ایئر لائن کے مطابق یہ پابندی 19 جنوری تک برقرار رہے گی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ خطے میں بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے جرمن ایئر لائن کے ترجمان نے کہا ہے کہ علاقائی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور آنے والے دنوں میں حالات کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔دوسری جانب رپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ قطر میں واقع امریکی فوجی ایئر بیس العدید سے کچھ اہلکاروں کو نکالنے کا حکم دے چکی ہے، جبکہ برطانیہ نے بھی اسی اڈے سے اپنا عملہ واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ادھر امریکی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران میں امن قائم ہے اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جون جیسی غلطی دوبارہ نہ دہرائی جائے، ورنہ وہی نتائج سامنے آئیں گے، اور کہا کہ عزم کو بمباری سے نہیں توڑا جا سکتا۔