راشد منہاس بہادری اور حب الوطنی کی عظیم مثال ہیں:محسن نقوی

راشد منہاس بہادری اور حب الوطنی کی عظیم مثال ہیں:محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاک فضائیہ کے عظیم شہید اور نشانِ حیدر کے واحد فضائیہ آفیسر، پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بہادری، بے خوفی اور حب الوطنی کی ایسی لازوال مثال ہیں جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ راشد منہاس نے اپنی قیمتی جان کی قربانی دے کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا اور اپنی جرات و وطن سے بے مثال محبت کے ذریعے تاریخ میں ایک سنہری باب رقم کیا۔ انہوں نے کہا کہ غدارِ وطن کی جانب سے طیارہ اغوا کرنے کی کوشش کو جان کی پرواہ کیے بغیر ناکام بنا کر راشد منہاس نے یہ واضح پیغام دیا کہ پاکستان کی فضائیں کبھی دشمن کی چالوں کا شکار نہیں ہوں گی۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ شہید کا جذبۂ حب الوطنی آج بھی پوری قوم کے دلوں کو منور کرتا ہے اور ان کی قربانی نے یہ ثابت کیا کہ اصل بہادری وہی ہے جو جان ہتھیلی پر رکھ کر وطن کی عزت اور سلامتی کا دفاع کرے۔

انہوں نے اس موقع پر پاک فضائیہ کی حالیہ کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ راشد منہاس کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے پاک فضائیہ نے حالیہ جنگ میں دشمن کے چھ جنگی طیارے مار گرائے اور دنیا کے سامنے اپنی فضائی برتری کو ثابت کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کارکردگی سے یہ بات واضح ہے کہ پاک فضائیہ کا ہر شاہین شہید راشد منہاس کے جذبے سے سرشار ہے اور اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے ہر دم تیار کھڑا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ راشد منہاس شہید کی قربانی ایک ایسا چراغ ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ جذبے، حوصلے اور وطن سے محبت کی کرن بن کر روشنی بکھیرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے ان نڈر اور جانثار شاہینوں پر فخر کرتی ہے جنہوں نے ماضی میں بھی وطن عزیز کا بھرپور دفاع کیا اور آج بھی اسی جذبے کے ساتھ سرحدوں اور فضاؤں کے نگہبان ہیں۔