وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پہلی خاتون شہید پولیس کانسٹبل ملک ناز نے بہادری کی نئی مثال قائم کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ شہید کانسٹبل کے شوہر، لیویز سپاہی عبدل غنی، بھی 2011 میں دہشت گرد حملے میں شہید ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک ناز نے اپنے شوہر کی قربانی کی روایت کو جاری رکھتے ہوئے فرائض کی انجام دہی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کیا۔شہید کے پسماندگان میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں، جبکہ ان کی فورس میں تعیناتی اپریل 2013 میں شہید کوٹے پر ہوئی تھی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت شہید کے بچوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی مکمل سرپرستی کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں پاکستان کے لیے قربانیاں دینے والا ہر بہادر قوم کا فخر ہے اور شہداء کے خاندانوں کی کفالت ریاست کی ذمہ داری ہے۔