ویب ڈیسک: پاکستان کے عظیم ہیرو اور نشانِ حیدر کے واحد فضائیہ کے حامل شہید پائلٹ آفیسر راشد منہاس کی 54ویں برسی آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ راشد منہاس کا نام قوم کی تاریخ میں ہمیشہ وفاداری، حوصلے اور فخر کی علامت کے طور پر محفوظ رہے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کی برسی کے موقع پر انہیں تہہ دل سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان کی عظیم قربانی ہمت، بہادری اور فرض شناسی کی اعلیٰ روایات کی عکاس ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ 1971 میں آج ہی کے دن راشد منہاس نے غیر معمولی عزم اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کی۔ ان کا لاجواب جذبہ، وفاداری اور حب الوطنی آج بھی مسلح افواج اور پوری قوم کے لیے ایک لازوال ترغیب کا باعث ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ راشد منہاس کی بہادری کی داستان ہمیں یہ یاد دلاتی ہے کہ آزادی کس قدر قیمتی ہے اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے کس درجے کے حوصلے اور قربانی کی ضرورت پڑتی ہے۔واضح رہے کہ پائلٹ آفیسر راشد منہاس کو 20 اگست 1971 کو مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے پر نشانِ حیدر سے نوازا گیا تھا۔ وہ پاک فضائیہ کے وہ واحد افسر ہیں جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا۔