وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک سے بنگلہ دیشی ہائی کمشنر اقبال حسین کی ملاقات

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک سے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں توانائی اور معدنی وسائل کے شعبوں میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، دونوں ممالک کے درمیان لائم سٹون، کوئلہ اور  پیٹرولیم مصنوعات کے شعبوں میں ممکنہ شراکت داری پر بھی بات چیت کی گئی۔وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف بنگلہ دیش کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں اور حکومت دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں مشترکہ  منصوبوں پر کام کرنا چاہتی ہے۔بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے بھی پاکستان  کے ساتھ اقتصادی اور توانائی تعاون کو مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔