پاکستان کا نئی بنگلہ دیشی حکومت سے سفارتی سطح پر پہلا رابطہ پاکستانی ہائی کمشنرکی وزیرخارجہ سے ملاقات

 پاکستانی ہائی کمشنر عمران حیدر نے بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ ڈاکٹر خلیل الرحمان کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی،دونوں ممالک کے تعلقات میں حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا
ڈھاکہ(آئی این پی )بنگلہ دیش میں 12 فروری 2026 کو عام انتخابات کے بعد پاکستان کی جانب سے بنگلا دیشی حکومت سے سفارتی سطح پر پہلا باضابطہ رابطہ ہوا ہے۔بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمشنر عمران حیدر کی بنگلا دیش کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر خلیل الرحمان سے ملاقات ہوئی۔پاکستانی ہائی کمشنر نے ڈاکٹر خلیل الرحمان کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور پاکستان بنگلا دیش تعلقات میں حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا۔اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے مختلف شعبوں میں مثبت رفتار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تعلیم، باہمی رابطے، تجارت، زراعت اور صحت کے ساتھ ساتھ دو طرفہ ادارہ جاتی میکانزم کا انعقاد پر بھی مشاورت کی گئی۔بنگلا دیشی وزیرِ خارجہ ڈاکٹر خلیل الرحمان نے دوطرفہ تعلقات پر بریفنگ کو سراہتے ہوئے پاکستان اور بنگلا دیش کے تعلقات میں حالیہ پیش رفت پر اطمینان کا اظہارکیا۔دونوں رہنماں کی ملاقات کے دوران دو طرفہ تعاون میں وسعت کرنے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔