حکومت کا مدنی مسجد کی دوبارہ تعمیر کا فیصلہ

مسجد کو اسی جگہ پر وبارہ تعمیر ،آغاز جمعہ 22 اگست کی نماز کے بعد ہوگا
 اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)اسلام آباد میں راول ڈیم چوک کے قریب منہدم کی گئی مدنی مسجد کے معاملے پر چار روزہ مذاکرات کے بعد حکومت نے بالآخر جمیعت علمائے اسلام (ف) کے دباؤ میں آ کر مسجد کو اسی مقام پر دوبارہ تعمیر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔وفاقی حکومت راول ڈیم چوک کے قریب منہدم کی گئی مدنی مسجد کا اصل درجہ بحال کرنے اور دوبارہ تعمیر کرنے پر رضا مند ہو گئی ہے۔حکومت نے چار دن تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد بالآخر اتفاق کیا کہ مدنی مسجد کو اسی جگہ پر چار ماہ کے اندر دوبارہ تعمیر کیا جائے گا اور تعمیر کا آغاز جمعہ 22 اگست کی نماز کے بعد ہوگا۔اس حوالے سے معاہدہ اسلام آباد انتظامیہ اور جمعیت علمائے اسلام (ف) اسلام آباد کے امیر مفتی اویس عزیز کی قیادت میں علما ایکشن کمیٹی کے درمیان طے پایا۔اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے یہ معاہدہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل (اے ڈی سی جی) صاحبزادہ محمد یوسف نے دستخط کیے۔معاہدے کے مطابق مسجد کو کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) دوبارہ تعمیر کرے گی اور تعمیر کے دوران ریاست پانچ وقت کی نماز کی باجماعت ادائیگی کے لیے انتظامات کرے گی۔