جو ڈاکو ہتھیار ڈالیں گے ان کے ساتھ رعایت برتی جائے گی، اغوا برائے تاوان کی کوئی واردات برداشت نہیں کی جائے گی
وزیر داخلہ کی سربراہی میں اعلی سطحی مانیٹرنگ کمیٹی قائم ، سیکریٹری داخلہ، ڈی جی رینجرز، آئی جی پولیس اور دیگر افسران شامل ہی
کراچی(آئی این پی)سندھ حکومت نے کچے کے ڈاکوں کے خلاف تیز اور بے رحمانہ آپریشن کرنے کا فیصلہ کر لیا۔وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت کچے میں امن و امان یقینی بنانے کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں کمانڈر کور فائیور لیفٹیننٹ جنرل محمد دستگیر، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، وزیر داخلہ ضیا لنجار، ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد شمریز، سیکریٹری داخلہ اقبال میمن، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، ایڈیشنل آئی جیز اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیر اعلی مراد علی شاہ نے کہا کہ کچے کے علاقے میں ہر صورت امن و امان بحال رکھنا ہے، اغوا برائے تاوان کی کوئی واردات برداشت نہیں کی جائے گی، اجلاس طلب کرنے کا مقصد ڈکیتوں کو ہر صورت ختم کرنا ہے، 2024 سے کچے میں پولیس اور رینجرز مل کر آپریشن کر رہی ہیں، چاہتا ہوں کچے کے علاقے میں آپریشن تیز اور بے رحمانہ ہو۔مراد علی شاہ نے کہا کہ جو ڈاکو ہتھیار ڈالیں گے ان کے ساتھ رعایت برتی جائے گی۔کچے میں فیصلہ کن آپریشن کیلیے وزیر داخلہ کی سربراہی میں اعلی سطحی مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی گئی جس میں سیکریٹری داخلہ، ڈی جی رینجرز، آئی جی پولیس اور دیگر اداروں کے افسران شامل ہیں۔