پنجاب پولیس کی کچے کے ڈاکوئوں کیخلاف بڑی کامیابی، خطرناک ڈاکو ہلاک

فاروق چانڈیو پولیس پر حملوں، قتل، ڈکیتی اور اغوا برائے تاوان جیسی متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث تھا، پولیس
 رحیم یارخان(آئی این پی )پنجاب پولیس رحیم یار خان نے کچے کے ڈاکوئوں کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پولیس پر حملوں، قتل، ڈکیتی اور اغوا برائے تاوان جیسی متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث خطرناک ڈاکو کو ہلاک کردیا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رحیم یارخان پولیس نے کچے کے ڈاکوئوں کے شہری کو لوٹنے کے عزائم کو خاک میں ملا دیا، مسلح ڈاکوئوں نے کچے کے علاقے مقبول موڑ کے قریب شہری عبد الرشید عباسی کے گھر پر واردات کی نیت سے حملہ کیا۔اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری نے بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ فوری ریسپانس کیا، پولیس کو دیکھ کر ڈاکوئوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ڈاکو فاروق چانڈیومارا گیا جبکہ دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فصلوں میں فرار ہو گئے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ہلاک ڈاکو کے قبضے سے کلاشنکوف اور سیکڑوں کی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئیں جبکہ پولیس کی جانب سے تمام علاقے کا سرچ آپریشن جاری ہے۔