راولپنڈی(آئی این پی)انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کی عبوری ضمانت خارج کر دی جبکہ سلمان اکرم راجا اور اعظم سواتی کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی گئی۔۔عدالت نے پراسیکیوٹر کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے عالیہ حمزہ کی عبوری ضمانت خارج کر دی، ضمانت عدم حاضری اور عدم پیروی پر خارج کی گئی۔دوران سماعت اعظم سواتی کے وکیل کی جانب سے عدم حاضری کی درخواست عدالت میں پیش کی گئی، وکیل نے درخواست کی کہ اعظم سواتی پشاور ہائیکورٹ میں پیش ہیں، حاضری سے استثنی دیا جائے۔عدالت نے درخواست کو قبول کر تے ہوئے عبوری ضمانت میں 27 اگست تک توسیع کر دی، جبکہ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا عدالت کے روبرو پیش ہوئے جس پر عدالت نے سلمان اکرم راجا کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کر دی۔