14اگست قائداعظم کی فتح کا دن ہے، یوم آزادی پورے جوش و جذبے سے منائیں گے:سواتی‘آزادی کا جشن منائیں گے:اسد قیصر
اسلام آباد(آئی این پی) تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی نے 14 اگست کو پی ٹی آئی کے احتجاج کا امکان مسترد کردیا۔ایک بیان میں سینیٹر اعظم سواتی نے کہاہے کس نے کہا ہے 14 اگست کو احتجاج ہوگا؟ اگر کسی نے14 اگست کو احتجاج کا کہا ہے تو بالکل غلط کہا ہے۔انہوں نے کہا 14اگست قائداعظم کی فتح کا دن ہے، اس پر احتجاج نہیں کریں گے، یوم آزادی پورے جوش و جذبے سے منائیں گے۔دوسری طرف پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا تھا کہ جشن آزادی کے موقع پر حقیقی آزادی جشن منائیں گے، قائد اعظم کے پاکستان کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا 14 اگست کے پروگرام کو ہم احتجاج کا نام نہیں دے رہے،ہمارے لوگ پاکستان کی آزادی کے جشن میں باہر نکلیں گے، ہم سمجھتے ہیں پاکستان میں اب وہ حالات نہیں جو قائد اعظم کا خواب تھا۔ان کا کہنا ہے کہ ہمارے کارکنان پاکستان،بانی پی ٹی آئی سے وابستگی کا اظہارکریں گے، ہمیں وہ سیاسی آزادیاں حاصل نہیں جوآئین میں درج ہیں، ہم 14 اگست کو تمام قسم کی آزادیوں کیلئے آواز بلند کریں گے