اسلام آباد (آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے یہ تباہی دراصل عالمی ماحولیاتی بحران کا ایک سلسلہ ہے اور پاکستان کے عوام اس بحران کی سب سے بھاری قیمت ادا کررہے ہیں جبکہ وہ اس کے ذمہ دار بھی نہیں ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے لے کر ملک کے شمالی صوبوں تک ماحولیاتی تبدیلی ہماری زندگیوں سے لے کر روزگار تک کو تباہ کررہی ہے اور یہ معاملہ مقامی یا علاقائی نہیں بلکہ ایک عالمی انسانی ایمرجنسی ہے اور اس سلسلے میں دنیا کو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آفت زدہ علاقوں میں ان مشکل حالات میں ریلیف سرگرمیوں میں مصروف اداروں اور پاک فوج کے جوانوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں اور عزم لائقِ ستائش ہے، اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنان، عہدیداران، منتخب نمائندوں اور ٹکٹ ہولڈرز کو ہدایت دی کہ وہ پوری توانائی اور ہمدردی کے ساتھ سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے آگے بڑھیں، انہوں نے کہا کہ ہمارے جیالے ہمیشہ عوام کے سب سے مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں اور ایک بار پھر وہ اپنے عوامی مدد کے جذبے کے ساتھ صف اول میں متاثرین کی عملی مدد کریں گے۔