ملک کو سیاسی استحکام کی ضرورت ‘خوف یا نفرت کی سیاست سے کچھ نہیں ملے گا رانا ثناء اللہ

 عمران خان کے ساتھ براہِ راست مذاکرات نہیں کئے جاسکتے،  مذاکرات ہمیشہ سیاسی جماعتوں کے درمیان ہوتے ہیں
 سب سیاسی جماعتوں کو سر جوڑ کر بیٹھنا چاہیے تاکہ وہ پاکستان کو اپنے آبائو اجداد کے خواب کے مطابق بنا سکیں:میڈیا سے گفتگو

لاہور(آئی ا ین پی)وزیراعظم شہباز شریف کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے  ملک کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے اور نفرت یا خوف کی سیاست سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔رانا ثنا اللہ نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ملک کسیاسی استحکام کی شدید ضرورت ہے اور سب سیاسی جماعتوں کو سر جوڑ کر بیٹھنا چاہیے تاکہ وہ پاکستان کو اپنے آبا اجداد کے خواب کے مطابق بنا سکیں۔مشیر وزیر اعظم نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 14 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر میثاق استحکام کا اعلان کیا، جسے معرکہ حق کی کامیابی کے طور پر بھی منایا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن، میاں نواز شریف کی قیادت میں میثاق استحکام کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔رانا ثنا اللہ نے یاد دلایا کہ پاکستان نے ایٹمی طاقت کا درجہ بھی پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت کے دور میں حاصل کیا تھا اور اب استحکام کا خواب بھی حقیقت بنے گا۔ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ نفرت کی سیاست کرتے آئے ہیں، انہوں نے اور قوم نے دیکھا ہے کہ اس سیاست سے کچھ حاصل نہیں ہوتا اور مستقبل میں بھی یہ سیاست کامیاب نہیں ہوگی‘ انہوں نے کہا  عمران خان کے ساتھ براہِ راست مذاکرات نہیں کیے جاسکتے، بلکہ مذاکرات ہمیشہ سیاسی جماعتوں کے درمیان ہوتے ہیں۔