پاکستانی اداکارہ میرا ان دنوں اپنی نئی فلم ’سائیکو‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، جو عیدالاضحیٰ پر ریلیز کی جائے گی۔
فلم میں شان شاہد مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ میرا ٹائٹل رول میں نظر آئیں گی۔فلم کی پروموشن کے دوران وہ مختلف انٹرویوز اور پوڈکاسٹس میں شرکت کر رہی ہیں۔ حال ہی میں پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں، جہاں گفتگو کا آغاز تو فلم سے ہوا مگر بعد میں سوالات کا رخ ان کی ذاتی زندگی اور ماضی کے تنازعات کی طرف مڑ گیا۔رپورٹس کے مطابق انٹرویو کے دوران میزبان نے ان سے ایسے سوالات کیے جو ان کی پرانی افواہوں اور ذاتی معاملات سے متعلق تھے۔ میرا نے بار بار کوشش کی کہ گفتگو کو اپنی آنے والی فلم اور کیریئر کی طرف موڑا جائے، لیکن میزبان کی جانب سے حساس موضوعات مسلسل زیرِ بحث لائے جاتے رہے۔صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہوئی جب مبینہ طور پر میزبان نے طنزیہ انداز میں انہیں “سائیکو” کہا اور ان کے ماضی کے تنازعات کو دوبارہ اٹھایا۔
اس پر میرا نے برہمی اور ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے انٹرویو درمیان میں چھوڑ دیا۔اس واقعے کے بعد اداکارہ مشی خان نے بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایک سینئر صحافی کو اس طرح کے ذاتی اور حساس سوالات سے گریز کرنا چاہیے تھا، کیونکہ انٹرویو کا مقصد فن اور کام پر بات کرنا ہونا چاہیے۔سوشل میڈیا پر بھی اس انٹرویو کو لے کر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے، جہاں کئی صارفین نے میزبان کے رویے کو غیر پیشہ ورانہ قرار دیا ہے جبکہ کچھ نے میرا کے انٹرویو چھوڑنے کے فیصلے کو درست قرار دیا ہے۔