قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ موجودہ کارکردگی کی بنیاد پر ان کی قومی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ بگ بیش لیگ کے دوران انہوں نے حارث رؤف سے خود کہا تھا کہ ان کی موجودہ پرفارمنس ٹیم میں جگہ کے قابل نہیں، تاہم اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ وہ ہمت ہار جائیں گے۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہی کھلاڑی ہیں جن کے بارے میں کبھی کہا جاتا تھا کہ وہ چھکا نہیں مار سکتے، مگر انہوں نے محنت سے خود کو ثابت کیا۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ غلطیاں انسان سے ہوتی ہیں، انہیں کرکٹ سے بے پناہ محبت ہے اور وہ اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مزید محنت کریں گے۔ ان کے مطابق شاید محنت میں کمی کے باعث نتائج توقعات کے مطابق نہیں آئے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ کپتان کو خود کہتے رہے ہیں کہ اگر ان کی کارکردگی بہتر نہیں تو کسی اور کھلاڑی کو موقع دیا جائے۔