پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے تیسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد کہا کہ اس سیریز کے دوران پاکستان کے لیے بہت سی مشکلات آئیں۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ نیوزی لینڈ نے ہر شعبے میں پاکستان سے بہتر پرفارم کیا اور ان کا کھیل بہت مضبوط رہا۔ماؤنٹ مونگانوئی میں ہونے والے تیسرے ون ڈے میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ "مثبت بات یہ ہے کہ بابر اعظم نے سیریز میں رنز بنائے، جو کہ ہمارے لیے اچھا اشارہ ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ نے ایشیائی کنڈیشنز میں بھی اچھا کرکٹ کھیلا تھا اور اس سیریز میں بھی ان کی کارکردگی شاندار رہی۔کپتان نے نیوزی لینڈ کو مکمل طور پر کریڈٹ دیتے ہوئے کہا کہ "نیوزی لینڈ نے ہر شعبے میں ہم سے بہتر کھیل پیش کیا، اور یہ ان کے جیتنے کا حق بنتا تھا۔"
محمد رضوان نے پی ایس ایل کی جانب بھی اشارہ کیا اور کہا کہ "امید ہے کہ پی ایس ایل کے دوران کھلاڑی عمدہ پرفارمنس دیں گے۔"واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو شکست دے کر 3 میچز کی سیریز 0-3 سے جیت لی ہے، اور اس سے قبل 5 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی پاکستان کو 1-4 سے شکست دی تھی۔