ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان، سابق کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بولر نسیم شاہ ماہ رمضان میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ میں موجود ہیں، جہاں ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں بابر اعظم، محمد رضوان، بابر کے بھائی سفیر اعظم اور نسیم شاہ کے والد حرم میں بیٹھ کر افطار کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔بابر اعظم کے بھائی سفیر اعظم نے انسٹاگرام پر اپنے بھائی کے ساتھ مسجد الحرام میں افطاری کی ویڈیو اور کچھ تصاویر شیئر کیں، جن میں ٹیسٹ کرکٹر میر حمزہ بھی شامل ہیں، جو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے سعودی عرب میں موجود ہیں۔ سوشل میڈیا پر صارفین بابر اعظم کو مبارک باد دے رہے ہیں اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔یہ پہلی بار نہیں کہ بابر اعظم رمضان کے دوران مکہ مکرمہ میں موجود ہیں، اس سے قبل بھی انہوں نے گزشتہ سال رمضان میں عمرہ ادا کیا تھا۔
محمد رضوان، بابر اعظم اور نسیم شاہ نیوزی لینڈ کے خلاف 3 ون ڈے میچز کی سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا حصہ ہیں، تاہم ٹی20 اسکواڈ میں ان تینوں کھلاڑیوں کو شامل نہیں کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بابر اعظم 15 مارچ کو وطن واپس آکر نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے تیاریوں کا آغاز کریں گے۔ نیوزی لینڈ کا دورہ 16 مارچ سے 5 اپریل تک جاری رہے گا، جس میں ٹی20 سیریز 16 مارچ سے 26 مارچ تک اور ون ڈے سیریز 29 مارچ سے 5 اپریل تک شیڈول ہے۔