تھانہ ڈیفنس اے میں شہری پر تشدد،2اہلکاروں پر مقدمہ

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھین، کانسٹیبل ساجد،حفصہ ملزم نامزد
لاہور (کرائم رپورٹر)ڈیفنس اے تھانے میں ایک نوجوان پر مبینہ تشدد کے واقعے نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے دو اہلکاروں کو نامزد کر دیا ہے پولیس کے مطابق مقدمہ سب انسپکٹر شیراز احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں کانسٹیبل ساجد علی اور لیڈی کانسٹیبل حفصہ شفیق کو ملزم قرار دیا گیا ہے ایف آئی آر کے متن کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں مذکورہ اہلکاروں کو نوجوان سے تفتیش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے دوران مبینہ طور پر تشدد کیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد فوری طور پر معاملے کا نوٹس لیا گیا اور شواہد کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے بعد شہریوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا، جس پر حکام کو فوری کارروائی کرنا پڑی۔