بستی جادے والی میں سی ٹی ڈی کے ساتھ مشترکہ آپریشن کے دوران دہشتگرد بھاری اسلحہ سے پولیس پر حملہ آور ہوئے، جوابی کارروائی پرپہاڑوں میںفرار ہوگئے
خوارجی دہشتگردوں کے دوٹھکانے مسمار کر کے جلا دیئے گئے ،آپریشن میں تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے، آئی جی پنجاب کی ڈی جی خان پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں کو شاباش
لاہور (کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کو خوارجی دہشتگردوں کے خلاف بڑی کامیابی مل گئی، پنجاب پولیس نے خیبرپختونخوا بارڈر کے قریب خوارجی دہشتگردوں کے ٹھکانے مسمار کر دیئے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں نے مشترکہ کارروائی کے دوران ڈیرہ غازی خان میں پنجاب خیبرپختونخوا بارڈر ایریا میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، دہشتگردوں کے بارے میں ملنے والے خفیہ اطلاع پر بستی جادے والی میں مشترکہ آپریشن کیا گیا۔آپریشن کے دوران خوارجی دہشتگرد بھاری اسلحہ سے پولیس پر حملہ آور ہوئے، ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی قیادت میں پولیس ٹیموں نے بھرپور جوابی کارروائی کی، خوارجی دہشتگرد پسپا ہو کر جھاڑیوں کی اوٹ لیتے ہوئے پہاڑوں میں بھاگ کھڑے ہوئے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں نے پنجاب خیبرپختونخوا بارڈر پر خوارجی دہشتگردوں کے دوٹھکانے مسمار کر کے جلا دیئے، دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے، پولیس، سی ٹی ڈی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرحدی علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشتگردوں کے ٹھکانے مسمار کرنے پر ڈی جی خان پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں کو شاباش بھی دی ہے۔