پنجاب میں پانچویں جماعت تک وفاق کی طرز پر نصاب بنانے پر غور

 نرسری سے پانچویں تک درسی کتب کا نیا نصاب تیار کیا جارہا ہے:صوبائی وزیر راناسکندرحیات 
لاہور (آئی این پی) پنجاب میں پانچویں جماعت تک نصاب میں تبدیلی پرغورکیاجانے لگا۔ پنجاب میں پانچویں جماعت تک وفاق کی طرز پر نصاب لگانے پر غورکیاجارہاہے،لیکن تاحال نیا سلیبس ماہرین تعلیم کیلئے پبلک نہیں کیا جاسکا۔ ماضی میں نیا سلیبس لگانے سے چند ماہ قبل ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیا جاتا تھا،نصاب لگانے سے قبل مختلف شعبہ جات کے ماہرین سے انکی رائے لی جاتی تھی۔ ذرائع کے مطابق ابھی تک پانچویں جماعت تک کے نئے نصاب کو خفیہ رکھا گیا ہے،بیشتر پرائیوٹ سکولوں میں دسمبر میں امتحان اور جنوری سے نئی کلاسز کا آغاز کردیا جاتا ہے،پرائیوٹ سکولوں میں نئی کلاسز شروع ہونے میں صرف 3 ماہ باقی رہ گئے ہیں لیکن پرائیوٹ پبلشرزکو تاحال پانچویں جماعت تک کا نیا نصاب فراہم نہیں کیا جاسکا۔ پبلشرزکاکہناہے کہ نیا سلیبس ملنے کے بعد درسی کتب کی چھپائی میں کم از کم تین ماہ درکار ہوتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چھپائی کیلئے نیاسلیبس فوری فراہم نہ کیا گیا تو درسی کتب کا بحران پیدا ہونے کا قوی امکان ہے،ابھی تک نئے سلیبس کی کابینہ کمیٹی سے بھی منظوری نہیں لی جاسکی۔صوبائی وزیر تعلیم راناسکندرحیات کاکہناہے کہ نرسری سے پانچویں تک درسی کتب کا نیا نصاب تیار کیا جارہا ہے، نئے تعلیمی سال کے آغاز پر طلبا کیلئے درسی کتب سو فیصد دستیاب ہونگی۔