محکمہ تعلیم نے اس حوالے سے پبلشنگ اداروں سے مشاورت شروع کر دی
لاہور(خصوصی رپورٹ)تعلیمی سال 2027 سے نرسری سے جماعت اول تک طلبہ کو جولی فونکس نصاب پڑھانے پر غور شروع کر دیا گیا، محکمہ تعلیم نے جولی فونکس نصاب کے حوالے سے عالمی پبلشنگ اداروں سے مشاورت بھی شروع کر دی۔نرسری سے اول تک جولی فونکس نصاب متعارف کرانے کیلئے کابینہ کمیٹی سے منظوری لی جائے گی۔ صوبائی وزیر تعلیم کے اعلان کے بعد تعلیمی سال 2027 سے قبل نرسری سے جماعت پنجم تک مجموعی طور پر 25 کتابیں تبدیل کی جانی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پانچویں جماعت تک پڑھائی جانے والی اسلامیات کی 26ویں کتاب میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی، جبکہ پرائمری سطح کے نصاب میں تبدیلی کے لیے محکمہ تعلیم کی جانب سے تیزی سے کام جاری ہے۔کم وقت میں پرائمری نصاب میں تبدیلی اور نئی کتابوں کی تیاری پنجاب ایجوکیشن کرکیولم ٹریننگ اینڈ اسسمنٹ اتھارٹی(پیکٹا)کیلئے بڑا امتحان بن گئی ہے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق آئندہ تعلیمی سال کے آغاز سے قبل تمام کلاسز کے طلبہ کو مفت درسی کتب کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ نصاب میں تبدیلی کا مقصد طلبہ کی بنیادی تعلیمی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا اور ابتدائی جماعتوں میں پڑھنے کی مہارت کو م ئوثر انداز میں فروغ دینا ہے۔