پہلی سے پانچویں تک نیا قومی نصاب متعارف کرانے کا فیصلہ

 انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت و جسمانی تعلیم اور آرٹس اینڈ کرافٹس کو بھی شامل 
لاہور(خصوصی رپورٹ)پاکستان میں نئے قومی نصاب 2026 کی منظوری دے دی گئی ہے۔ وفاقی وزارت تعلیم نے ابتدائی بچپن کی تعلیم سے پانچویں جماعت تک نیا قومی نصاب متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا اطلاق تعلیمی سال 2027-28 سے ہوگا۔ نئے نصاب میں روایتی مضامین کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت و جسمانی تعلیم اور آرٹس اینڈ کرافٹس کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت تعلیم نے نئے قومی نصاب پاکستان 2026 کی منظوری دے دی۔ نئے نصاب کا اطلاق تعلیمی سال 2027-28 سے اسلام آباد سمیت ملک بھر کے وفاقی تعلیمی اداروں میں ہوگا، جبکہ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے لیے بھی نیا نصاب متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نئے قومی نصاب میں ابتدائی بچپن کی تعلیم سے پانچویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے اردو، انگریزی اور ریاضی کو بنیادی مضامین کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ ابتدائی جماعتوں میں صحت و جسمانی تعلیم اور آرٹس اینڈ کرافٹس بھی پڑھائے جائیں گے، جبکہ پہلی سے پانچویں جماعت تک انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم نصاب کا حصہ ہوگی۔نئے نصاب کے تحت پہلی سے تیسری جماعت تک ورلڈ ارائونڈ اس کا مضمون پڑھایا جائے گا، جبکہ چوتھی اور پانچویں جماعت میں سماجی علوم اور سائنس الگ الگ مضامین کے طور پر شامل ہوں گے۔