صوبہ بھر میں یکساں نصاب نافذ: نہم جماعت میں جنرل ریاضی کا مضمون ختم

 نہم کے تمام طلبہ کیلئے اب ایک ہی ریاضی کی کتاب ہوگی، سائنس و آرٹس دونوں گروپس میں صرف ریاضی سائنس پڑھائی جائے گی،نئی پالیسی نافذ
لاہور (زیڈ این این) پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک اتھارٹی نے ایک اہم تعلیمی فیصلہ کرتے ہوئے صوبے بھر میں نہم جماعت کے لیے یکساں ریاضی نصاب نافذ کر دیا ہے۔ اس اقدام کے تحت جنرل ریاضی کا مضمون مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ڈائریکٹر کریکلم عامر ریاض کے مطابق اب جماعت نہم کے تمام طلبہ صرف ریاضی (سائنس) پڑھیں گے، چاہے وہ سائنس گروپ میں ہوں یا آرٹس گروپ میں۔ نئے تعلیمی سال سے نہم جماعت کی تمام کلاسز کے لیے ایک ہی ریاضی کی کتاب پڑھائی جائے گی۔پیکٹا کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام میٹرک کے نصاب میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ تمام طلبہ کو یکساں تعلیمی مواد مہیا کیا جا سکے۔ اس پالیسی کو وفاقی حکومت کے طرز پر ترتیب دیا گیا ہے جہاں پہلے ہی جنرل ریاضی کو ختم کر کے یکساں ریاضی کا نصاب رائج کیا جا چکا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر پیکٹا سید صغیر الحسنین کی جانب سے اس فیصلے کی باضابطہ اطلاع تمام تعلیمی اداروں کو مراسلہ بھجوا کر دی گئی ہے تاکہ عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔