ایران کو تباہ کیا جائے یا نہیں، اہم فیصلے کے بہت قریب پہنچ چکا ہوں: ٹرمپ ایرانی حکومت کا تختہ الٹ دیں گے:اسرائیلی وزیراعظم

آبنائے ہرمز سے جہاز رات کو نکالتے ہیں، ایران کو پتہ نہیں چلتا، معاہدہ ڈیل کے ذریعے ہو یا نہیں جیت امریکہ کی ہی ہوگی: امریکی صدر
 ایرانی حکومت کو شکست دینا اولین ترجیح ہے‘یہ حکومت گر جائے گی پھر ہم حزب اللہ سے بھی نمٹیں گے ‘ وہ بھی ختم ہو جائے گی:اسرائیلی وزیراعظم
واشنگٹن‘تل ابیب (آئی این پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے  کہا ہے  وہ ایران کو تباہ کرنے یا نہ کرنے سے متعلق اہم فیصلے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔امریکی میڈیا ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا  ایران براہِ راست امریکہ سے رابطے میں ہے اور تہران امریکا کے ساتھ ایک معاہدے تک پہنچنا چاہتا ہے، تاہم صورتِ حال میں کسی بھی وقت تبدیلی آسکتی ہے۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا نے خلیج تعاون کونسل کے ممالک کا بھرپور تحفظ کیا ہے‘ جولائی میں ایران کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی دوبارہ نافذ کیے جانے کے بعد سے کوئی بحری جہاز ایران نہیں پہنچا۔انہوں نے کہا  آبنائے ہرمز سے جہاز رات کو نکالتا ہے کیونکہ ایران کو پتا ہی نہیں چلتا، ایران کے ریڈار تباہ کیے جاچکے ہیں۔ایران سے ڈیل ہونے یا علاقے میں مزید فوج بھیجے جانے سے متعلق سوال پر جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم یا تو کوئی اچھا معاہدہ کریں گے، یا پھر کوئی معاہدہ کریں گے ہی نہیں۔
ٹرمپ نے کہا ہے کہ کسی ڈیل کے ذریعے ہو یا نہیں مگر جیت امریکا کی ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ ایران میں مہنگائی تین سو فیصد ہے، معیشت ایسے درجے پر ہے جو ایران نے کبھی دیکھی نہیں تھی۔دریں اثناء سرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ ایرانی حکومت کا تختہ الٹ دیں گے، ایرانی حکومت کو شکست دینا اولین ترجیح ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی اولین ترجیح ایرانی حکومت کو شکست دینا اور اسے گرانا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے ایرانی حکومت کو شکست دیں گے، ہم اس کا تختہ الٹ دیں گے، یہ حکومت گر جائے گی پھر ہم حزب اللہ سے بھی نمٹیں گے اور وہ بھی ختم ہو جائے گی۔