بھارتی گلوکار زوبین گارگ 52 برس کی عمر میں سکوبا ڈائیونگ حادثے میں جاں بحق

بھارتی گلوکار زوبین گارگ 52 برس کی عمر میں سکوبا ڈائیونگ حادثے میں جاں بحق

سنگاپور: بھارت کے مشہور گلوکار زوبین گارگ 52 برس کی عمر میں سنگاپور میں ایک المناک سکوبا ڈائیونگ حادثے کے بعد انتقال کر گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گارگ کو تیراکی کے دوران اچانک حادثہ پیش آیا، جس کے بعد انہیں پانی سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ انہیں فوری طور پر آئی سی یو میں رکھا گیا، تاہم ڈاکٹرز کی تمام کوششوں کے باوجود ان کی جان نہیں بچائی جا سکی۔زوبین گارگ کی اچانک موت نے بھارت بھر میں شوبز اور مداحوں کو صدمے میں ڈال دیا، اور سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی ریاست آسام سمیت شمال مشرقی بھارت اور دیگر علاقوں سے مداحوں نے ان کے فن کو خراج عقیدت پیش کیا۔

زوبین گارگ کو بھارتی موسیقی میں ایک ثقافتی علامت سمجھا جاتا تھا، اور انہوں نے آسامیہ، ہندی، بنگالی سمیت متعدد زبانوں میں اپنی سریلی آواز کے جادو سے لاکھوں دل جیتے۔ ان کے مشہور گانوں میں بالی وڈ فلم "گینگسٹر" کا سپر ہٹ گانا "یا علی" شامل ہے۔سنگاپور پولیس کے مطابق حادثے کی مکمل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ بھارتی سفارتخانہ مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ ان کے جسد خاکی کو بھارت منتقل کیا جا سکے۔