شہباز شریف بھارت کو شکست پر آج یوم تشکر

آپریشن بنیان مرصوص نے دشمن کی جارحیت کو مؤثر اور بھرپور جواب دیا اور پاکستان نے ہر محاذ پر برتری ثابت کی، وزیراعظم
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم شہبا شریف نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر آج ملک بھر میں یوم تشکر منانے کا اعلان کردیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن اللہ رب العزت کے حضور سجدہ شکر بجا لانے، افواج پاکستان کی بے مثال بہادری کو خراج تحسین پیش کرنے اور پوری قوم کے حوصلے اور وحدت کو سراہنے کے لیے منایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ آپریشن نے دشمن کی جارحیت کو مؤثر اور بھرپور جواب دیا اور پاکستان نے ہر محاذ پر برتری ثابت کی، ہم اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں، جس نے ہمیں سرخرو فرمایا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دشمن کی جارحیت کے باوجود پاکستان نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا لیکن مکمل تیاری کے ساتھ اپنے دفاع کو یقینی بنایا۔شہباز شریف کی اپیل پر آج علمائے کرام ملک میں اجتماعی دعائوں اور نوافل کا اہتمام کر رہے ہیں شہدائے اور غازیوں کے لیے خصوصی دعائیں کی جا رہی ہیں ۔