امریکا نے بھارت کو ایران کی چاہ بہار بندرگاہ کے حوالے سے حاصل پابندیوں کا استثنیٰ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امریکا نے نہ صرف بھارت بلکہ دیگر ممالک کو بھی دی گئی یہ رعایت واپس لے لی ہے، جس کے بعد 29 ستمبر سے یہ فیصلہ نافذالعمل ہوگا۔واضح رہے کہ امریکا نے 2018 میں بھارت اور دیگر ممالک کو پابندیوں سے استثنیٰ دیا تھا تاکہ وہ ایران کی چاہ بہار بندرگاہ پر کام جاری رکھ سکیں۔ بھارت اس منصوبے کے تحت بندرگاہ کے ایک ٹرمینل کی تعمیر اور آپریشن میں شامل رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رواں سال مئی میں بھارت نے اس ٹرمینل کو آپریٹ کرنے کے لیے ایران کے ساتھ 10 سالہ معاہدہ بھی کیا تھا۔ بھارت چاہ بہار بندرگاہ کو ایران اور افغانستان سے تجارت کے لیے ایک اہم راستے کے طور پر استعمال کرتا رہا ہے۔امریکی فیصلے کے بعد بھارت کے لیے نہ صرف ایران کے ساتھ تعاون مشکلات کا شکار ہوگا بلکہ افغانستان کے ساتھ تجارت کے لیے بھی پیچیدگیاں بڑھنے کا خدشہ ہے۔