ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی: پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے کر سپر سکس مرحلے میں جگہ بنا لی

ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی: پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے کر سپر سکس مرحلے میں جگہ بنا لی

عجمان: ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی میں پاکستان ویمنز ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کو شکست دے دی اور گروپ بی سے سپر سکس مرحلے میں کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم بن گئی۔

عجمان کے سیون ڈسٹرکٹس اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان ویمنز ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔پاکستان کی جانب سے کپتان منیبہ علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 51 رنز کی نصف سنچری اسکور کی، جبکہ عائشہ ظفر نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 42 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ دونوں بیٹرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان زمبابوے کو ایک مشکل ہدف دینے میں کامیاب رہا۔151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکی اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 99 رنز بنا سکی۔ زمبابوے کی جانب سے چیپو مگیری تریپانو 31 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہیں، تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔

پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ مومنہ ریاست نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ام ہانی اور طوبیٰ حسن نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کرکے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔اس کامیابی کے ساتھ پاکستان ویمنز ٹیم نے گروپ بی سے سپر سکس مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ گروپ بی سے سری لنکن ٹیم پہلے ہی اگلے مرحلے میں اپنی جگہ یقینی بنا چکی ہے۔