عمان میں جاری انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا مقابلہ ہوگا، بھارت نے دوسرے سیمی فائنل میں افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، جہاں اس کا سامنا روایتی حریف پاکستان سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق انڈر 19 ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے اور بھارت کو جیت کے لیے 228 رنز کا ہدف دیا۔جواب میں بھارتی انڈر 19 ٹیم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مطلوبہ ہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔دوسری جانب پاکستان نے پہلے سیمی فائنل میں بنگلا دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ یوں ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ٹورنامنٹ کا فائنل 14 نومبر بروز ہفتہ کھیلا جائے گا، جہاں دونوں روایتی حریفوں کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔