وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فوڈ اتھارٹی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈی 14 کے ایک مکان سے گدھوں اور کتوں کا مبینہ طور پر 800 کلو گوشت برآمد کرلیا۔
کارروائی کے دوران متعدد زندہ جانور بھی تحویل میں لے لیے گئے، جبکہ مکان کو سیل کرکے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق فوڈ اتھارٹی حکام نے اطلاع ملنے پر اسلام آباد کے علاقے ڈی 14 میں ایک مکان پر کارروائی کی، جہاں سے گدھوں اور کتوں کا 800 کلو گوشت برآمد ہوا۔ حکام کے مطابق مکان سے 12 زندہ گدھے، ایک مردہ گدھا اور 5 زندہ کتے بھی ملے۔کارروائی کے دوران 21 کچھوے، ایک گیدڑ اور ایک زندہ پینگولین بھی برآمد کیا گیا۔ فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ موقع سے گوشت اور جانوروں کی ترسیل سے متعلق کوئی ریکارڈ یا سرکاری اجازت نامہ نہیں ملا۔حکام کے مطابق برآمد کیے گئے زندہ جانور محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کر دیے گئے ہیں، جبکہ مزید کارروائی کے لیے مکان کو سیل کردیا گیا ہے۔