سندھ میں پیپلز پارٹی کے 17 سالہ دور میں 17 منصوبے دکھا دیں عظمیٰ بخاری کا شرمیلا فاروقی کو چیلنج

مریم نواز کی حکومت کو ابھی دو سال بھی مکمل نہیں ہوئے مگر کارکردگی سب کے سامنے ہے، آجائیں، کارکردگی کا مقابلہ کرتے ہیں
سندھ میں 17 سالہ حکومت کے باوجود وہاں عوامی فلاح کے وہ منصوبے نظر نہیں آتے جو پنجاب میں ڈیڑھ سال میں مکمل ہوئے ہیں
لاہور (سپیشل رپوٹرٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے شرمیلا فاروقی کے بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ میں 17 سالہ دور حکومت کے باوجود 17 عوامی فلاحی منصوبے بھی نہیں گنوا سکتی، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صرف ڈیڑھ سال میں 90 منصوبے شروع کیے جن میں سے 50 مکمل ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے عوامی خدمت کے کئی انقلابی منصوبے متعارف کرائے ہیں جن میں اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت 90 ہزار گھر، 80 ہزار اسکالرشپس، کسانوں میں ساڑھے 9 ہزار ٹریکٹرز کی تقسیم، طلبہ کو 27 ہزار الیکٹرک بائیکس اور جدید ترین لیپ ٹاپس کی فراہمی شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ہزار بیڈ کا کینسر ہسپتال، کارڈیالوجی ہسپتال، الیکٹرک بسیں اور مفت ادویات کی سہولت بھی پنجاب کے عوام کے لیے دی جا رہی ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کی حکومت کو ابھی دو سال بھی مکمل نہیں ہوئے مگر کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ ''آجائیں، کارکردگی کا مقابلہ کرتے ہیں۔ مناظرے کے لیے میں تیار ہوں، قوم کے سامنے سب کچھ واضح ہو جائے گا۔''انہوں نے کہا کہ سندھ میں 17 سالہ حکومت کے باوجود وہاں عوامی فلاح کے وہ منصوبے نظر نہیں آتے جو پنجاب میں ڈیڑھ سال میں مکمل ہوئے ہیں