سعودی عرب کے قریب خلیج میں ٹینکر پر دو نامعلوم پروجیکٹائلز کا حملہ، عملہ محفوظ

سعودی عرب کے قریب خلیج میں ٹینکر پر دو نامعلوم پروجیکٹائلز کا حملہ، عملہ محفوظ

ریاض: سعودی عرب کے مشرقی ساحل کے قریب خلیج میں سفر کرنے والے ایک ٹینکر کو دو نامعلوم پروجیکٹائلز سے نشانہ بنایا گیا، تاہم واقعے میں جہاز کے تمام عملے کے ارکان محفوظ رہے اور سمندر میں تیل یا کسی دوسری آلودگی کے اخراج کی اطلاع نہیں ملی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) نے بتایا کہ ٹینکر خلیج میں جنوب مشرق کی جانب سفر کر رہا تھا کہ سعودی عرب کے علاقے راس الخفجی سے تقریباً 72 ناٹیکل میل مشرق میں اس کے بائیں جانب دو نامعلوم پروجیکٹائلز آکر لگے۔یو کے ایم ٹی او کے مطابق واقعے کے بعد جہاز کے عملے کی موجودگی اور سلامتی کی تصدیق کرلی گئی۔ ابتدائی اطلاعات میں سمندر میں تیل یا دیگر آلودگی پھیلنے اور سمندری ماحول کو نقصان پہنچنے کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔حکام کی جانب سے تاحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ٹینکر کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال ہونے والے پروجیکٹائلز کس نوعیت کے تھے اور اس واقعے کے پیچھے کون ملوث ہے۔ حملے کے محرکات اور جہاز کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان سے متعلق بھی مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث خلیج اور اس کے اہم بحری راستوں پر تجارتی جہازوں کی آمدورفت اور سلامتی سے متعلق خدشات بڑھ رہے ہیں۔