لاہور سیالکوٹ موٹروے پر محمود بوٹی کے قریب تیز رفتار کار حادثے کا شکار ہو کر الٹ گئی، جس کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔
حادثے کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم موٹروے پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی میں سوار تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق حادثہ لاہور سیالکوٹ موٹروے پر محمود بوٹی کے قریب پیش آیا، جہاں ایک کار اچانک بے قابو ہو کر الٹ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے گاڑی میں آگ لگ گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ترجمان کے مطابق حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں زخمیوں کی مزید طبی سہولیات کے لیے انہیں میو ہسپتال لاہور ریفر کر دیا گیا۔
حادثے کے نتیجے میں کار مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگئی، تاہم موٹروے پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث گاڑی میں سوار تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کسی شخص کے جھلسنے کی اطلاع ملی۔واقعے کے بعد موٹروے پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ آگ پر قابو پانے اور ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد متاثرہ گاڑی کو سڑک سے ہٹا کر موٹروے کو ٹریفک کے لیے کلیئر کر دیا گیا۔