راولپنڈی: ایم ٹو موٹروے پر کیپیٹل اسمارٹ سٹی کے قریب شدید بارش کے باعث خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک بس سمیت متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئی ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق، حادثے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت شمس الرحمان ولد محمد سلیمان کے نام سے ہوئی ہے، جو اٹک کا رہائشی تھا۔حادثے میں مجموعی طور پر 30 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 27 کو پمز اسپتال اور 3 کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ کچھ زخمیوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ حکام کے مطابق، شدید بارش اور پھسلن ممکنہ وجہ ہیں۔ تفتیش جاری ہے، اور موٹروے پولیس نے شہریوں کو احتیاط سے گاڑی چلانے کی ہدایت دی ہے۔