عالمی منڈی میں کمی ا کے بعد پٹرول 325 اور ڈیزل 358 روپے پر آگیا، فیول سبسڈی سے 1 کروڑ 60 لاکھ سے زائد شہری مستفید ہوچکے:پریس کانفرنس
پاکستان بنگلہ دیشی طلبہ کو تعلیمی وظائف فراہم کر رہا ہے،خیالات اور سوچ کا تبادلہ دونوں ملکوں کیلئے سود مند ثابت ہو سکتا ہے :بنگلہ دیش کے وفد سے گفتگو
اسلام آباد(آن لائن‘آئی این پی) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے حکومت کے مؤثر معاشی اقدامات اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔نائب وزیراعظم نے بتایا کہ ماضی میں ایران اور امریکہ کے درمیان تنازع اور کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر توانائی کا بحران پیدا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 3 اپریل 2026 کو ملک میں پیٹرول کی قیمت بڑھ کر 458 روپے اور ڈیزل کی قیمت 520 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی تھی، جو کہ عوام کے لیے ایک بہت بڑا مالی بوجھ تھا۔تاہم، موجودہ حکومت نے بروقت اقدامات اٹھاتے ہوئے صورتحال پر قابو پایا۔ 18 نومبر 2026 کو جاری ہونے والی نئی قیمتوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت کم ہو کر 325 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت کم ہو کر 358 روپے فی لیٹر پر آ گئی ہے۔ اس حساب سے پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 133 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 162 روپے فی لیٹر کی بڑی کمی ہوئی ہے‘ متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو سہولت فراہم کرنے کے لیے موٹر سائیکل، رکشہ، چھوٹی گاڑیوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے خصوصی فیول سبسڈی اسکیم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ اس اسکیم کے تحت مستفید ہونے والے شہریوں کی تعداد ایک کروڑ 60 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے‘دریں اثناء بنگلہ دیش کے 35 سینئر سول سرونٹس پر مشتمل وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا اسحاق ڈار نے کہا جنوبی ایشیا کی ترقی اور خوشحالی کیلئے باہمی تعاون کا فروغ ناگزیر ہے ،پاکستان بنگلا دیش سمیت تمام دوست ممالک کواہمیت دیتا ہے اور باہمی احترام، اعتماد اور خیر سگالی کے جذبے کے تحت بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہے‘ ہم بنگلہ دیشی وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں، ایسے وفود اور ملاقاتوں سے دوطرفہ تعلقات کو وسعت ملے گی، دورہ بنگلہ دیش کی خوشگوار یادیں آج بھی تازہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے دوست ممالک کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاک بنگلہ دیش تعلقات میں مثبت پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان بنگلہ دیشی طلبہ کو تعلیمی وظائف فراہم کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خیالات اور سوچ کا تبادلہ دونوں ملکوں کیلئے سود مند ثابت ہو سکتا ہے