بلاول حکومت کو ناجائز سمجھتے ہیں تو صدر زرداری مستعفی ہو جائیں:حافظ نعیم

 پیپلز پارٹی کی سوچ  قابل   مذمت  ، بلاول  بھٹو کے کراچی میں خون بہنے کے بیان کو فکس کرنا چاہیے
پٹرول پر عوام کو مزید ریلیف نہ دیا گیا تو دوبارہ احتجاج  ہوگا‘جمعہ کو شوگر ملوں کے باہر دھرنے ہوں گے
اسلام آباد(آئی  این پی )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے ہم پیپلز پارٹی کی سوچ  کی  مذمت کرتے ہیں، بلاول  بھٹو کے کراچی میں خون بہنے کے بیان کو فکس کرنا چاہئے، پیپلز پارٹی کو نظام پر اعتراض ہے تو صدر سمیت تمام حکومتی عہدوں سے استعفی دے،نئے صوبوں کے قیام  کیلئے  آئینی فریم ورک کو سامنے رکھا جانا چاہیے،پیٹرول کی قیمت میں عوام کو مزید ریلیف نہ دیا گیا تو ملک بھر میں دوبارہ احتجاج اور دھرنے دیں گے، زراعت کا شعبہ نیچے کی طرف جارہا ہے ،ہماری جماعت جمعے کو شوگر ملز کے باہر دھرنے دے گی۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب  کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کہتی ہے کہ حکومت یہ سب کچھ کر رہی ہے تو سوال یہ ہے کہ آصف علی زرداری کس کے ووٹوں سے صدر منتخب ہوئے؟ اگر پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ موجودہ حکومت ناجائز ہے تو زرداری کو صدارت سے استعفی دے دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس وقت بھی حکومت کا حصہ ہے اور خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ کرنے کی صورت میں اس کی منظوری پر دستخط بلاول بھٹو کے والد نے ہی کیے تھے، خیبر پختونخوا میں پیپلز پارٹی کا گورنر ہی تمام معاملات چلا رہا ہے۔