بلاول بھٹو کے بیان میں تضاد،پیپلز پارٹی سندھ کی نہیں پنجاب کی تقسیم چاہتی ہے،،صوبوں کی تشکیل اور انتظامی تقسیم کے معاملے پر یکساں آئینی اصول اپنانے چاہئیں
صدر آصف زرداری کی خوبی ہے وہ بات سنتے ہیں اور مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں:سپیکر پنجاب اسمبلی کی پریس کانفرنس
لاہور(سپیشل رپورٹر )اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کو تقسیم کرنے کی مخالفت جبکہ پنجاب کی تقسیم کے حق میں بات کرتی ہے، سندھ کی تقسیم کے معاملے پر خونریزی کس بنیاد پر ہوگی، صوبوں کی بات کرنا غیر آئینی کیسے ہے؟۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا صوبوں کی تشکیل اور انتظامی تقسیم کے معاملے پر یکساں آئینی اصول اپنانے چاہئیں۔ بلاول بھٹو کے بیان میں تضاد ہے، یہ نہیں ہو سکتا آپ ایک صوبے کی تقسیم کی بات کریں اور دوسرے صوبے میں یہ بات کرنا ممنوع ہو، بلاول بھٹو نے کہا تقسیم کی بات پر خون بہہ سکتا ہے، ملک جلا ئوگھیرائو کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا مئی 2012 میں قومی اسمبلی میں پنجاب کو تقسیم کرنے کی قرارداد منظور ہوئی، اس وقت ملک میں پیپلز پارٹی کی حکومت تھی، مسلم لیگ( ن) نے اس قرارداد کی مخالفت کی تھی اور اسمبلی سے واک آئو ٹ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کو تقسیم کرنے کے حوالے سے پنجاب اسمبلی میں بھی 2 قراردادیں متفقہ طور پر منظور ہوئیں جن میں پیپلز پارٹی نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔ملک احمد خان نے بلاول بھٹو کی کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو میں سیاسی قیدی سے متعلق کہی گئی بات پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ میرے گھر کو جلانا کسی کا سیاسی حق کیسے ہو سکتا ہے اور میرے گھر کو جلانے کے جرم میں مقید شخص سیاسی قیدی کیسے ہو سکتا ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ 29 چھانیوں کو جلانا سیاسی حق کیسے ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا، یہ کیسے ممکن ہو سکتا ہے، میرے نزدیک یہ جاسوسی کرنے کے جرم کے مترادف ہے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ اگر کسی ملک کے 29 فوجی اڈوں پر منظم طریقے سے اور باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ایک ہی دن میں حملہ ہو تو کیا اسے مشتعل ہجوم کی جانب سے کیا گیا یا سیاسی حملہ تصور کیا جائے گا، میں اسے نہ مشتعل ہجوم کا حملہ مانوں گا اور نہ ہی سیاسی حملہ مانوں گا، میں اسے جاسوسی کی کارروائی تصور کروں گا۔