افتخار گیلانی وزیراعظم آزادکشمیر بن گئے ہیں تو لگتا ہے جیسے میں وزیراعظم بن گیا ہوں، مریم نواز نے گرین بسیں دے کر آزاد کشمیر کی ترقی میں حصہ ڈالا: نوازشریف

آزاد کشمیر کی ترقی کیلئے تمام وسائل دینگے شہبازشریف
 کشمیریوں کی قربانیاں  جلد رنگ لائیں گی ا‘ہ دن دور نہیں جب ان کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی‘ اگلے ماہ بھمبر میں دانش سکول کا افتتاح اور مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی کا کیمپس  تعمیر کیا جائیگا:وزیراعظم
 آزاد کشمیر کا ماضی بہت دردناک رہا ہے ‘سابق حکومتوں نے عوام کے ساتھ ناقص اور بے حسی پر مبنی سلوک کیا‘ موٹروے منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے:نوازشریف کا اجلاس سے خطاب
مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے ‘پوری دنیا میں پاکستان کو مضبوط دیکھ کر خوشی ہوتی ہے:وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی ‘وزیراعظم آزاد کشمیر کو چاہیے  وہ عوام کے درمیان زیادہ وقت گزاریں:مریم نواز
مظفرآباد( آن لائن ) وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے سو روزہ ترقیاتی منصوبے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی  کرا دی ۔آزاد کشمیر کے 100 روزہ ترقیاتی منصوبے سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے تمام ضروری وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی حکومت کے 100 روزہ ترقیاتی منصوبے پر عمل درآمد کے لیے جس تعاون کی ضرورت ہوگی، وفاقی حکومت وہ فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے جاری کیے گئے احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں بہت جلد رنگ لائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب ان کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔وزیراعظم نے قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی قیادت میں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے قیام پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے ماہ بھمبر میں دانش سکول کا افتتاح کیا جائے گا، جبکہ مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی کا کیمپس بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر 
صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا  ان کے دورِ حکومت میں ڈالر کی قیمت 104 روپے سے آگے نہیں بڑھی، بجلی کا بل 200 روپے آتا تھا اور ان کی حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو خیرباد کہہ دیا تھا، تاہم بعد میں آنے والی حکومت اسے دوبارہ لے آئی۔نواز شریف نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کی حکومتوں کی کارکردگی کا موازنہ ہونا چاہیے تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ کس جماعت نے اپنے دور میں عوام کے لیے کیا اقدامات کیے‘۔ آزاد کشمیر کا ماضی بہت دردناک رہا ہے اور سابق حکومتوں نے عوام کے ساتھ ناقص اور بے حسی پر مبنی سلوک کیا۔ موجودہ قیادت میں عوام کی خدمت کا جذبہ خوش آئند ہے، کیونکہ مسلم لیگ (ن) کی توجہ ہمیشہ ترقیاتی منصوبوں پر رہی ہے۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ اپنے دور میں آزاد کشمیر میں کئی بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کرنا چاہتے تھے، جن میں موٹروے کی تعمیر بھی شامل تھی۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف پر زور دیا کہ آزاد کشمیر میں موٹروے منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا  وزیراعظم آزاد کشمیر کو ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی، پولیس اصلاحات اور عوام تک حکومتی رسائی بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ ان کی حکومت نہ صرف ترقیاتی کام کر رہی ہے بلکہ ان کے مسائل کے حل کے لیے بھی ہر وقت دستیاب ہے۔مریم نواز نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے ترقیاتی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے اپنی تیاری مکمل رکھی ہوئی ہے:انہوں نے کہا  عوام کو اپنی حکومت تک رسائی حاصل ہونی چاہیے۔ اگر کسی شہری کو پولیس، راشن، غربت یا صحت کے حوالے سے مدد درکار ہو تو ایسا فورم موجود ہونا چاہیے جہاں وہ اپنی شکایت درج کرا سکے اور اسے 24 گھنٹوں کے اندر جواب ملے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومتی سربراہ اور وزرا کی عوام تک رسائی، ان کی موجودگی اور کارکردگی کی نگرانی انتہائی اہم ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کو چاہیے کہ وہ عوام کے درمیان زیادہ وقت گزاریں، ان سے براہ راست رابطہ رکھیں اور وزرا کو واضح اہداف اور مدت کے ساتھ ذمہ داریاں سونپ کر ان کی کارکردگی کا جائزہ لیتے رہیں