حافظ محمد عبد اللہ
اسرائیلی سیاست میں جب بھی کسی نئے چہرے کو بنیامین نتن یاہو کے متبادل کے طور پر پیش کیا جاتا ہے تو عالمی ذرائع ابلاغ اس کی شخصیت کے ایسے پہلو نمایاں کرتے ہیں جو اسے نسبتاً معتدل، حقیقت پسند یا مفاہمت پسند ثابت کریں۔ آج کل یہی کردار گادی آئزنکوٹ کو دیا جا رہا ہے۔اور عرب نمائندوں کی حمایت کے ساتھ اپنا اسپیکر اسمبلی منتخب کرانے کے بعد اب تقریبا یقینی ہے کہ آئزن کوٹ کو ہی نیا اسرائیلی وزیر اعظم کا منصب ملنے والا ہے۔آئزن کوٹ ایک ایسا اسرائیلی فوجی جنرل جس نے جنگ میں اپنا بیٹا کھویا، جو نتن یاہو کا سیاسی ناقد ہے اور جو خود کو اسرائیل کی داخلی اصلاحات کا علمبردار قرار دیتا ہے۔ مگر اصل سوال یہ ہے کہ فلسطینیوں کے لیے گادی آئزنکوٹ کی آمد کس تبدیلی کی نوید ہے؟
اس سوال کا جواب تلاش کرنے کے لیے اس کے سیاسی بیانات سے زیادہ نصف صدی پر محیط اس کے عسکری کیریئر کو دیکھنا ضروری ہے۔
گادی آئزنکوٹ 1978ء میں اسرائیلی فوج کی گولانی بریگیڈ میں شامل ہوا اور تیزی سے ترقی کرتے ہوئے بریگیڈ، ڈویڑن اور عسکری منصوبہ بندی کے اہم ترین مناصب تک پہنچا۔ لبنان کی جنگوں، انتفاض? اقصیٰ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اس نے مرکزی کردار ادا کیا۔ بعد ازاں وہ اسرائیلی فوج کا چیف آف اسٹاف بھی بنا اور اسرائیل کے طاقتور ترین عسکری دماغوں میں شمار ہونے لگا۔
فلسطینیوں کے حوالے سے اس کی سوچ کا اظہار سب سے پہلے اس دور میں ہوا جب وہ مغربی کنارے میں اسرائیلی افواج کا کمانڈر تھا۔ اسی زمانے میں اس کے نام سے "گھاس کاٹنے" کی اسرائیلی فوجی ڈاکٹرائن اور اصطلاح منسوب کی گئی۔ اس نظریے کے مطابق فلسطینی مزاحمت کو مکمل طور پر ختم کرنا ممکن نہیں، اس لیے وقفے وقفے سے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے اسے کمزور رکھا جائے اور اسے کبھی اس حد تک نہ پہنچنے دیا جائے جہاں وہ اسرائیلی مفادات کے لیے بڑا خطرہ بن سکے۔ اس حکمتِ عملی کا عملی نتیجہ مسلسل چھاپوں، گرفتاریوں، محاصروں اور فوجی کارروائیوں کی شکل میں سامنے آیا۔
بعد میں 2006ء کی لبنان جنگ کے بعد آئزنکوٹ نے جس نظریے کو فروغ دیا وہ "ضاحیہ ڈاکٹرائن" کے نام سے مشہور ہوا۔ اس نظریے کی بنیاد یہ تھی کہ اگر کسی علاقے سے مزاحمتی کارروائیاں ہوں تو محض جنگجوؤں کو نہیں بلکہ پورے علاقے کے بنیادی شہری ڈھانچے کو نشانہ بنایا جائے تاکہ وہاں کی آبادی مزاحمتی تنظیموں کی حمایت کی قیمت ادا کرے۔ جنوبی بیروت کے الضاحیہ علاقے کی تباہی اس نظریے کی عملی مثال بنی۔ بعد ازاں غزہ میں ہونے والی متعدد جنگوں میں بھی اسی سوچ کے اثرات واضح طور پر نظر آئے۔
آئزنکوٹ خود اس نظریے سے کبھی دستبردار نہیں ہوا۔ اس کے برعکس اس نے حالیہ برسوں میں متعدد بار کہا کہ غیر متناسب طاقت کا استعمال اسرائیلی سلامتی کے لیے ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ غزہ میں جاری تباہ کن جنگ کے دوران اس کی تنقید جنگ کی اصل نوعیت پر نہیں بلکہ جنگی حکمتِ عملی اور بعد از جنگ منصوبہ بندی پر مرکوز رہی۔
یہی نکتہ آئزنکوٹ اور نتن یاہو کے درمیان اصل تعلق کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔ دونوں میں اختلاف موجود ہے، مگر یہ اختلاف فلسطینیوں کے حقِ خود ارادیت یا ریاستی حقوق کے بارے میں نہیں بلکہ زیادہ تر داخلی سیاسی اور انتظامی معاملات کے بارے میں ہے۔
درحقیقت گزشتہ چند برسوں میں آئزنکوٹ کے بیانات پہلے سے زیادہ سخت ہوتے گئے ہیں۔ اس نے واضح طور پر کہا ہے کہ 7 اکتوبر کے بعد فلسطینی ریاست کا تصور حقیقت پسندانہ نہیں رہا۔ اس کے نزدیک فلسطینی ریاست کا قیام اسرائیل کے لیے سیکورٹی خطرہ بن سکتا ہے۔ مزید یہ کہ اس نے مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی توسیع کی حمایت کی اور دو ریاستی حل کو ایک "مہلک غلطی" قرار دیا۔
آئزنکوٹ ایک ایسے انتظامی بندوبست کا حامی نظر آتا ہے جس میں فلسطینیوں کو محدود شہری اختیارات تو حاصل ہوں لیکن سیکورٹی، سرحدوں، فضائی حدود اور مجموعی اقتدار پر اسرائیل کی بالادستی برقرار رہے۔ دوسرے الفاظ میں وہ فلسطینی خودمختاری کی ایسی شکل قبول کرنے پر آمادہ نہیں جو مکمل ریاستی حیثیت رکھتی ہو۔
یہی وجہ ہے کہ اگر فلسطینی زاویے سے دیکھا جائے تو نتن یاہو اور آئزنکوٹ کے درمیان فرق بنیادی نہیں بلکہ درجے اور انداز کا فرق معلوم ہوتا ہے۔ ایک زیادہ جارحانہ زبان استعمال کرتا ہے اور دوسرا نسبتاً ادارہ جاتی اور منظم لب و لہجہ اختیار کرتا ہے، مگر فلسطینی ریاست، یہودی بستیوں، اسرائیلی عسکری برتری اور طاقت کے استعمال جیسے بنیادی سوالات پر دونوں کا فاصلہ خاصا محدود دکھائی دیتا ہے۔
اسرائیل میں آج بہت سے لوگ آئزنکوٹ کو ایک نئی امید کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ خصوصاً مشرقی النسل(مراکش اور ایران و عراق وغیرہ سے آئے ہوئے) یہودی طبقے کے لیے وہ ایک ایسی علامت بن چکا ہے جس نے پہلی مرتبہ وزارتِ عظمیٰ تک پہنچنے کی سنجیدہ کوشش کی ہے۔ لیکن فلسطینیوں کے لیے اصل سوال اب بھی وہی ہے جو پہلے تھا: کیا چہرے کی تبدیلی پالیسی کی تبدیلی میں بھی ڈھلے گی؟
اب تک کے شواہد اس سوال کا جواب نفی میں دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ فلسطینیوں کے لیے مسئلہ کسی ایک سیاست دان کی شخصیت نہیں بلکہ وہ پورا سیاسی اور عسکری ڈھانچہ ہے جس کی نمائندگی مختلف ادوار میں نتن یاہو، گانٹس، گیلانٹ یا آئزنکوٹ جیسے رہنما کرتے رہے ہیں۔
غزہ کے ملبے پر کھڑا انسان شاید اسی لیے افراد کے نام یاد نہیں رکھتا، وہ صرف پالیسیوں کے نتائج یاد رکھتا ہے۔اور اس کے لیے اسرائیلی پالیسی کی حیثیت ظالمانہ جابرانہ اور آمرانہ کے ساتھ ساتھ اب نسل کشیانہ بھی ہوچکی ہے۔