جرمن سفیر کی وفاقی وزیر سے ملاقات، ریکوڈک منصوبہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کا ٹیسٹ کیس قرار
اسلام آباد( آن لائن ) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے جرمنی کی سفیر انا لیپل نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان کان کنی، توانائی اور قدرتی وسائل کے مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں جرمن سیاسی و اقتصادی کونسلر جینین روہور بھی موجود تھیں۔جرمن سفیر نے کہا کہ پاکستان کے کان کنی کے شعبے میں بڑھتی ہوئی بین الاقوامی دلچسپی قابلِ تحسین ہے اور اس شعبے میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریکوڈک کا منصوبہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم ٹیسٹ کیس
ثابت ہوگا۔ انہوں نے جیالوجیکل سروے آف پاکستان اور جرمن فیڈرل انسٹی ٹیوٹ برائے جیو سائنسز و قدرتی وسائل کے درمیان تعاون کی نمایاں صلاحیت کی بھی نشاندہی کی۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پائیدار اور میکانائزڈ کان کنی کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں ریفائنریز کی اپ گریڈیشن کے لیے فعال طور پر کام کر رہی ہے، جو ڈی کاربنائزیشن اور گرین ٹرانزیشن کے اہداف کے حصول کے لیے اہم ہے۔دونوں جانب سے مختلف منصوبوں میں تکنیکی تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا